صفحہ اول
دار ارقم سکولز پاکستان
اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے انتہائی عاجزی کے ساتھ ہم اس ادارے کو اسلام کے پہلے تعلیمی مرکز “دار ارقم” سے منسوب کرتے ہیں جو کوہ صفا کے میدان میں حضرت ارقم بن ارقم رضی اللہ تعالی عنہ کے گھر میں قائم کیا گیا تھا۔ خاتم النبین پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے 571 عیسوی میں اسلام قبول کرنے والے صحابہ کو ایک چھوٹے سے گھر میں اکٹھا کیا اور اس عظیم تہذیب کی بنیاد رکھی، جس نے انسانی زندگی کا بے مثال نمونہ پیش کیا۔ دار ارقم علم و دانش سے معمور اسلام کی وہ پہلی درسگاہ تھی جو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابی حضرت ارقم رضی اللہ تعالی عنہ کے گھر میں قائم کی۔ جس نے تاریخ عالم کی وہ قیادت تیار کی جو علم و عمل کا چلتا پھرتا نمونہ تھی ۔
بے مقصدیت، مادیت پسندانہ اور سیکولر طرزِ تعلیم پر مبنی موجودہ تباہ کن نظام تعلیم کے برعکس دار ارقم میں نظام تعلیم کی عمارت ایمان، اخلاص اور اعلیٰ مقاصد کی اینٹوں، پتھروں اور سیمنٹ سے تعمیر کی گئی ہے اور اسے جدید نصاب سے مزین کیا گیا ہے۔
مستقبل کے درخت کے معصوم پودے کو تعلیم کی جدید ترین شاخوں سے آراستہ کرنے کے لیے تعلیم کے بارے میں سائنسی نظریات پیش کیے تاکہ نئی نسل جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت کی تعلیمات سے ہم آہنگ ہو سکے اور بڑے ہو کر اسلام کا مقام اور مرتبہ بلند کر سکیں۔
چنانچہ دارارقم سکولز اسلام کی پہلی درسگاہ سے منسوب تعلیمی نیٹ ورک ہے جو کہ تعلیم کے میدان میں بچوں کے لئے عصری تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ اسلامی تربیت اور کردار سازی کا کام بھی سر انجام دے رہا ہے تاکہ پاکستان اور امت مسلمہ کو بہترین افرادی قوت اور قیادت فراہم کی جا سکے۔



